پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ون ڈے میچ آج راولپنڈی میں ہوگا، سیکیورٹی خدشات کے باوجود دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ٹاس دوپہر دو بجے جبکہ میچ کا آغاز ڈھائی بجے مقرر ہے۔ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں فتح حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔
پہلے میچ کے بعد سری لنکن ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر وطن واپس جانے کی درخواست کی تھی، تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یقین دہانی کے بعد دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ پاکستانی شائقین اور کھلاڑیوں نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔















