آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش ہوگا

آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بل پیش کریں گے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اس بل کو پیش کریں گے، جبکہ اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

ایجنڈے کے مطابق، وزیر دفاع خواجہ آصف پاکستان ایئر فورس ایکٹ ترمیمی بل اور پاکستان نیوی آرڈیننس ترمیمی بل بھی سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کریں گے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل بھی پیش کریں گے۔

قومی اسمبلی نے تمام بل گزشتہ روز منظور کر لیے تھے، جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد آرمی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آرمی چیف کا بطور چیف آف ڈیفنس فورسز نیا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

آرمی ایکٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری اسٹرکچرنگ اور انضمام کریں گے، جبکہ وزیراعظم کی سفارش پر کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ تعینات کیا جائے گا۔

آرمی ایکٹ کے مطابق، کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ کی مدت ملازمت 3 سال ہوگی، اور اسے دوبارہ تعینات کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، 27 نومبر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں