ٹرمپ نے شامی صدر کو پرفیوم دیا اور ان سے دلچسپ سوال کیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام کے عبوری صدر احمد الشرع کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران ایک دلچسپ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ ٹرمپ نے الشرع کو اپنے برانڈ کا پرفیوم تحفے میں دیا اور کہا کہ یہ دنیا کا بہترین پرفیوم ہے۔ انہوں نے پرفیوم خود بھی شامی صدر اور ان کے ہمراہ موجود وزیرِ خارجہ کو لگایا۔
ملاقات کے دوران ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے کہا، "یہ ایک پرفیوم آپ کے لیے ہے اور ایک آپ کی اہلیہ کے لیے۔” پھر فوراً پوچھا، "آپ کی کتنی بیگمات ہیں؟” جس پر شامی صدر نے جواب دیا، "صرف ایک”۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ شام کو ترقی کی راہ پر لانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اسی موقع پر امریکی محکمہ خزانہ نے شام پر عائد اقتصادی پابندیوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا۔















