27ویں آئینی ترمیم کا نیا متن سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش، چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئین میں بڑی تبدیلیوں پر مشتمل 27ویں آئینی ترمیم کا نیا متن آج سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اس اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ترمیم کا متن پیش کیا۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے منحرف سینیٹرز سیف اللہ ابڑو اور احمد خان بھی ووٹ کے لیے اہل رہے کیونکہ ان کے استعفے ابھی تک منظور نہیں کیے گئے۔
قومی اسمبلی میں پہلے ہی منظور شدہ ترمیم میں 8 نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔ سب سے اہم شق آئین کے آرٹیکل 6 میں ہے جس کے تحت ‘سنگین غداری’ کے کسی بھی عمل کو کوئی عدالت جائز قرار نہیں دے سکے گی۔
مزید ترمیم کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار رہے گا اور جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
ماہرین کے مطابق، سینیٹ میں منظوری کے بعد پاکستان کے عدالتی ڈھانچے اور آئینی نظام میں ایک نیا باب کھل جائے گا۔















