اسلام آباد کچہری حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر گرفتار؛ حملہ آور افغانستان سے تھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سکیورٹی اداروں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لیا۔ سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا جبکہ ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا۔ اب تک پانچ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
سہولت کار اور خودکش بمبار نے حملے سے قبل کئی بار جوڈیشل کمپلیکس کی ریکی کی تھی تاکہ حملے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سہولت کار کو ڈھوک پراچہ سے گرفتار کیا گیا، اور وہ راولپنڈی کینٹ کی اہم جگہوں کی ریکی بھی کرتا رہا۔ 40 گھنٹوں کے اندر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ حملے کا خودکش بمبار افغانستان سے تعلق رکھتا تھا اور وہ نہ پاکستانی زبان سمجھ سکتا تھا نہ پاکستانی کرنسی سے واقف تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ منگل کو ہونے والے اس خودکش حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے تھے۔















