لاہور ہائیکورٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست واپس لینے پر نمٹا دی، درخواست میں مزید تبدیلیاں زیر غور ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواست کو شہری حسان لطیف کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیا ہے۔ جسٹس چوہدری اقبال نے عدالت میں درخواست واپس لینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کو بند کر دیا۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید تبدیلیاں زیرِ غور ہیں، اس لیے یہ درخواست قبل از وقت ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آیا درخواست گزار درخواست واپس لینا چاہتا ہے، جس پر درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ مقسط سلیم نے کہا کہ وہ فی الحال درخواست واپس لے رہے ہیں لیکن مستقبل میں اگر وہ 27 ویں ترمیم سے مطمئن نہ ہوئے تو دوبارہ درخواست دائر کریں گے۔
درخواست میں وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی اور وزارتِ قانون کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے اختیارات وفاقی آئینی عدالت کو منتقل کرنے اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کو تاحیات استثنیٰ دینے کی تجاویز آئین کی اصل روح سے متصادم ہیں۔















