لاہور پرندہ مارکیٹ کے انہدام پر نئی آئینی درخواست دائر، آزاد کمیشن کی تشکیل کی درخواست۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں داتا دربار کے قریب پرندہ مارکیٹ کے انہدام پر ابتدائی مقدمہ ختم ہونے کے بعد ایک نئی آئینی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
ایڈووکیٹ التمش سعید نے پہلے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بغیر پیشگی منصوبہ بندی کے مارکیٹ مسمار کی، جس سے متعدد جانور اور پرندے ہلاک ہوئے۔
اب جانوروں کے حقوق کی کارکن عافیہ خان نے نئی درخواست دائر کی ہے، جس میں بیرسٹر عزت فاطمہ درخواست کی پیروی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ذمہ داری صرف محکمہ وائلڈ لائف پر نہیں ڈالی جا سکتی، کیونکہ زیادہ تر جانور دیگر اداروں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔
بیرسٹر عزت فاطمہ نے عدالت سے آزاد کمیشن کے ذریعے غیر جانب دارانہ انکوائری کی درخواست کی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آئیں اور آئندہ کے لیے واضح پالیسی فریم ورک بنایا جائے۔
درخواست گزار نے سفارش کی ہے کہ مستقبل میں کسی بھی انہدامی کارروائی میں جانوروں کی منتقلی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایل ڈی اے، ایس پی سی اے، پی اے آر سی اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ مشترکہ منصوبہ بندی کریں۔
یہ معاملہ تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ کی تعمیر نو کے دوران بھی پیش آیا تھا۔















