حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی سے منظور کروا لی؛ مسلح افواج کے سربراہان کی مراعات تاحیات ہوں گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے قومی اسمبلی سے 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کروا لی ہے۔ اس ترمیم کے تحت جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا جائے گا جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف کو کمانڈر آف ڈیفنس فورسز کہا جائے گا۔
ترمیم کے مطابق فیلڈ مارشل، مارشل آف ایئر فورس اور ایڈمرل آف فلیٹ کو قومی ہیروز قرار دیا گیا ہے اور ان کے عہدے تاحیات اور باوردی ہوں گے۔ کمان کی مدت ختم ہونے پر ان کی ذمہ داریوں کا تعین وفاقی حکومت کرے گی۔
صدر مملکت وزیراعظم کی سفارش پر ایئر چیف اور نیول چیف کی طرح چیف آف آرمی اسٹاف کا تقرر کریں گے، جو کمانڈر آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔
آرٹیکل 243 میں نئی شقیں شامل کی گئی ہیں، جن کے تحت جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 سے ختم سمجھا جائے گا جبکہ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈر کے نئے عہدے کا بھی تعین کیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل، مارشل آف ایئر فورس اور ایڈمرل آف فلیٹ کے رینک پر ترقی پانے والے فوجی افسران کی مراعات اور یونیفارم تاحیات رہیں گے۔ انہیں آئین کے تحت قومی ہیروز تسلیم کیا گیا ہے۔















