سام سنگ نے امریکہ میں بارکلیز کے ساتھ کریڈٹ کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو ویزا نیٹ ورک پر جاری ہوگا اور ایپل کے کارڈ کا مقابلہ کرے گا۔
[نیو یارک]: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سام سنگ نے امریکہ میں اپنا کریڈٹ کارڈ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو بارکلیز کے اشتراک سے ویزا نیٹ ورک پر جاری کیا جائے گا۔ یہ اقدام ایپل کے کریڈٹ کارڈ کے مقابلے میں ہے جو گولڈمین ساکس کے تعاون سے ماسٹر کارڈ نیٹ ورک پر چل رہا ہے۔
سام سنگ اور بارکلیز کے درمیان معاہدے کی بات چیت حتمی مراحل میں ہے اور باضابطہ اعلان سال کے آخر تک متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سام سنگ کی امریکی مالیاتی مارکیٹ میں شمولیت بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جبکہ بارکلیز اس سے اپنی موجودگی کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
سام سنگ مستقبل میں دیگر مالیاتی مصنوعات بھی پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جن میں ہائی ییلڈ سیونگز اکاؤنٹ، ڈیجیٹل پری پیڈ اکاؤنٹ اور بائے ناؤ پے لیٹر جیسی سروسز شامل ہیں۔ بارکلیز ان میں سے کئی سہولتوں میں معاونت کرے گا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سام سنگ نے فنانس سیکٹر میں قدم رکھا ہو۔ 2020 میں اس نے جنوبی کوریا میں ماسٹر کارڈ نیٹ ورک پر سام سنگ پے کارڈ اور برطانیہ میں ڈیجیٹل آن لائن کارڈ متعارف کرایا جبکہ 2022 میں بھارت میں ایکسس بینک کے تعاون سے کریڈٹ کارڈ جاری کیا۔












