اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کی ابتدائی تحقیقات مکمل، حملہ آور باجوڑ کا رہائشی تھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں حالیہ خودکش دھماکے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جس میں 7 سے 8 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ دھماکے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور کے راستے کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ سہولت کاروں کی تلاش اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور باجوڑ میں رہائش پزیر تھا، جو جمعے کے روز اسلام آباد آیا اور پیر ودھائی سے موٹر سائیکل پر جی الیون کچہری پہنچا تھا۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور نے چادر اوڑھی ہوئی تھی۔
پمز کے ترجمان کے مطابق، خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے دس افراد کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت باقی ہے۔ سات افراد کی میتیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 36 ہے، جن میں سے 18 کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ اسپتال میں زیر علاج چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔






