اسلام آباد خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی ہڑتال جاری، وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی دارالحکومت کے ضلع کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ہڑتال جاری ہے۔ وکلاء، سائلین اور کلرکس کو کچہری نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وکلاء کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے 3 روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسلام آباد بار کونسل نے بھی افسوسناک واقعے پر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ راولپنڈی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بار ایسوسی ایشنز نے احتجاجاً عدالتی بائیکاٹ کیا ہے۔
بلوچستان بار کونسل نے بھی اسلام آباد دھماکے کیخلاف صوبے بھر میں عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کیا ہے اور بار رومز پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے ہیں۔ وکلاء کے عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر مقدمات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ہائی کورٹ اور اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔












