خیبرپختونخوا اسمبلی ہال میں امن جرگہ آج منعقد ہوگا

خیبرپختونخوا حکومت کے زیر اہتمام امن جرگہ آج اسمبلی ہال میں ہوگا، گورنر نے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کے زیر اہتمام امن جرگہ آج کے پی اسمبلی ہال میں منعقد ہوگا، جس کی میزبانی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ وفد میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، اسد قیصر، محبوب شاہ، صبغت اللہ، عاطف خان، ڈاکٹر امجد، سلیم ارحمان و دیگر شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو صوبائی اسمبلی میں منعقد ہونے والے امن جرگہ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ پی ٹی آئی وفد نے گورنر سے کہا کہ صوبے کے آئینی سربراہ ہونے کے ناطے امن جرگہ میں آپ کی شرکت و رہنمائی ہمارے لیے باعث فخر ہو گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امن جرگے میں شرکت کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ صوبائی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنا باعث اعزاز سمجھتا ہوں۔ صوبے کے امن اور ترقی کے لیے میرا تعاون ہمیشہ صوبائی حکومت کے ساتھ رہے گا۔

گورنر نے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے سپیکر صوبائی اسمبلی و صوبائی حکومت نے مثبت قدم اٹھایا ہے۔ صوبے کے حقوق کے لیے وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

دیگر متعلقہ خبریں