لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کی رپورٹ 12 نومبر تک طلب کی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کی عملدرآمد رپورٹ 12 نومبر تک طلب کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مختلف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے مفصل عملدرآمد رپورٹ طلب کی ہے۔ سماعت کے دوران حکومتی محکموں کے وکلاء پیش ہوئے جبکہ کمیشن کے رکن نے رپورٹ پیش کی کہ رات 11 بجے کے بعد ہیوی ٹریفک کے باعث سموگ کے حالات بگڑ رہے ہیں۔
ڈی آئی جی موٹر وے پولیس نے عدالت کو بتایا کہ پولیس پہلے پائلٹ پراجیکٹ میں معاونت فراہم کر چکی ہے اور آئندہ بھی تیار ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے پولیس کی معاونت کو سراہا لیکن نشاندہی کی کہ جب تک گاڑیوں کا موثر معائنہ نہ کیا جائے، حالات بہتر نہیں ہوں گے۔
عدالت نے پی ایچ اے کے وکیل سے پارکوں میں قائم ریسٹورینٹس کی تفصیلات مانگیں اور کہا کہ پارکوں کو آمدنی کا ذریعہ بنانے کے لیے درخت کاٹنے کی پالیسی نامنظور ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ سے نجی بیکری کے سامنے کاٹے گئے درخت کی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
عدالت نے ہدایت دی کہ سموگ کے تدارک کے لیے کنکریٹ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں جن میں ٹریفک کنٹرول، گاڑیوں کے معائنے، پارکس اور سبزہ کو محفوظ رکھنا شامل ہے۔ تمام محکموں کو 12 نومبر تک عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔











