ایران میں خشک سالی کے باعث تہران اور مشہد میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس نے صورتحال کو خطرناک بنا دیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران شدید خشک سالی کا شکار ہے، جہاں تہران کے بعد مشہد میں بھی پانی کی شدید قلت نے صورتحال کو نازک بنا دیا ہے۔
مشہد شہر میں پانی کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو چکے ہیں اور ڈیموں میں پانی کا لیول 3 فیصد سے بھی نیچے گر گیا ہے۔ مشہد واٹر سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی فراہمی برقرار رکھنا بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشہد کے ڈیم تقریباً خشک ہو چکے ہیں، اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پانی کا بحران ناقابلِ کنٹرول ہو جائے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں پانی کی ممکنہ قلت پر تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ بارش نہ ہونے کی صورت میں پانی کی فراہمی محدود کرنی پڑے گی۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں پانی کے مؤثر انتظام پر زور دیا ہے۔











