حافظ نعیم الرحمان نے 27 ویں ترمیم کی تفصیلات کو ہولناک قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کو اسے مسترد کرنے کی تلقین کی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کی جو تفصیلات سامنے آ رہی ہیں وہ ہولناک ہیں اور اپوزیشن کو اسے کلیتاً مسترد کرنا چاہئے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان کے لیے تاحیات استثنا دینی، آئینی، جمہوری، سماجی و سیاسی ہر اعتبار سے غلط اور شرمناک ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 27 ویں ترمیم نظام انصاف پر شب خون مارنے کے مترادف ہے اور پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی جمہوریت کیا کیا گُل کِھلائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وصیت، وراثت اور وڈیرہ شاہی پر پارٹی چلانے سے لے کر ممبران پارلیمنٹ کی خرید و فروخت، میئر شپ پر قبضے اور فارم 47 کے ذریعے سیاست کو آگے بڑھانے والے عوام کے بعد اب عدالتوں کو بھی جوابدہ نہیں رہنا چاہتے۔











